جہانیاں:تحصیل بھر کے سکولوں کی سینکڑوں طالبات نے لاہور صادق آباد جی ٹی روڈ بلاک کر دیا

APNA JAHANIAN جمعرات 17 اپریل 2014
 
education

جہانیاں(محمد عارف سعید  سے )پنجاب ایگزامنیشن کمیشن کے زیر اہتمام ہونیو الے کلاس ہشتم کے امتحانات میں تحصیل جہانیاں کے 8سنٹرز میں سے امتحان دینے والے 1900سے زائد طلبہ و طالبات اسلامیات اور سائنس کے مضامین میں فیل قرار دیدیے گئے، پاس نہ کیے جانے پر طالبات دوبارہ سڑکوں پر نکل آئیں ، تحصیل بھر کے سکولوں کی سینکڑوں طالبات نے لاہور صادق آباد جی ٹی روڈ بلاک کر دیا ،ٹرکوں بسوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں ، طالبات کا شدید احتجاج اور نعرے بازی ،پاکستان کسان ا تحاد ،ڈی ایس پی جہانیاں اور اسسٹنٹ کمشنر جہانیاں کے طالبات سے کامیاب مذاکرات ،مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی پر احتجاج ختم روڈ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ۔۔تفصیل کے مطابق پنجاب ایگزامنیشن کمیشن کے زیر اہتمام گزشتہ روز کلاس ہشتم کے نتائج میں مبینہ غفلت کی بنا پر تحصیل جہانیاں کے 8سنٹرز پر 31سکولز کے 1900سے زائد امیدواروں تمام طلبہ وطالبات کو اسلامیات اور سائنس کے مضامین میں زیرو زیرو نمبرز دے کر فیل قرار دے دیا گیا تھا اس صورتحال میں تحصیل جہانیاں کے مختلف سکولوں کی سینکڑوں طالبات نے لاہور ،صادق آباد جی ٹی روڈ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید ترین نعرے بازی کی طالبات نے روڈ بند کرکے دھرنا دیا ٹریفک بلاک ہونے سے ٹرکوں بسوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ قیدیوں کو لے جانے والی اور پولیس گاڑیاں بھی پھنسی رہیں

arif-saeed-photo

طالبات نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ نانصافی کی گئی ہے ان کا قیمتی سال ضائع ہوسکتا ہے انہوں نے اپنے ساتھ کی گئی ناانصافیوں کا تدارک کرنے اور دنوں مضامین میں نمبرز دے کر پاس کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کسان اتحاد کے صوبائی سینئر نائب صدر نظام اللہ خان پاندہ نے کہا کہ اب بہنوں ،بیٹیوں کو تعلیم سے محروم کرنے اور پرائیویٹ سکول مالکان کو خوش کرنے کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اب بچیوں کے حقوق کیلئے ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا جائے گا ۔مظاہرین سے چوہدری اشتیاق کاہلوں اور چوہدری عبدالسلام ڈھلوں نے بھی خطاب کیا اس حوالے سے ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جہانیاں کا کہنا ہے کہ حکام کو پرچوں کی ری چیکنگ کیلئے درخواستیں ارسال کر دی گئی ہیں تاہم ان پر ابھی تک عملدرآمد نہ ہو سکا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر جہانیاں محمد فاروق ڈوگر نے کہا ہے کہ ای ڈی او ایجوکیشن کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے انہوں نے مسئلے کے حل کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ واضح رہے کہ طالبات نے یکم اپریل کو بھی ٹی ایم اے چوک بلاک کرکے دھرنا دیا تھا لیکن کلاس ہشتم کے رزلٹ میں درستگی نہ ہونے اور پاس نہ کیے جانے پر گزشتہ روز دوبارہ سینکڑوں طالبات سڑکوں پر نکل آئیں اور انہوں نے دو گھنٹے سے زائد لاہور صادق آباد جی ٹی روڈ بلاک رکھا اس دوران پاکستان کسان اتحاد کے رہنماؤں نظام اللہ خان پاندہ ایڈووکیٹ ،چوہدری اشتیاق احمد کاہلوں ،چوہدری عبدالسلام ڈھلوں ،ڈی ایس پی جہانیاں ملک بشیر اعوان،بچیوں کے والدین اور اسسٹنٹ کمشنر جہانیاں محمد فاروق ڈوگر نے مذاکرات کیے جس کے بعد مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی پر طالبات نے احتجاج ختم کر دیا جس کے بعد روڈ ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا ۔